حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ویٹیکن کی جانب سے بین المذاھب ہم آہنگی اور دینی سفارتکاری کے لئے نمائندہ برائے مشرق وسطی، شمالی افریقہ اور مغربی، وسطی اور جنوبی ایشیاء جناب پروفیسر سیزبیولس اینزیلم زیورومی ڈی ایس نے جامعہ الکوثر اسلام آباد کا دورہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق، شیخ الجامعہ علامہ شیخ محسن علی نجفی دام ظلہ کی نیابت میں جامعہ الکوثر اسلام آباد کے پرنسپل علامہ شیخ انور علی نجفی نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا، ملاقات میں ادیان آسمان کو درپیش مشترکہ مسائل پر گفتگو ہوئی۔
علامہ شیخ انور علی نجفی نے قرآن مجيد کی آیت مجیدہ قُلْ يَا أَهْلَ الْكِتَابِ تَعَالَوْا إِلَىٰ كَلِمَةٍ سَوَاءٍ بَيْنَنَا وَبَيْنَكُمْ.کی روشنی میں اللہ تعالی کی ذات وحدہ لا شریک کی جانب لوگوں کو دعوت دینے اور مختلف مذاہب کے اندر موجود توحید کی مختلف تفسیروں کو اصل مسئلہ توحید سے الگ رکھ کر دیکھنے کی دعوت کو معزز مہمان نے بے حد سراہا اور ملاقات کے پورے دورانیے میں انہوں نے اسی نکتے کے بارے میں ہی گفتگو کی۔
علامہ انور علی نجفی نے معزز مہمان کو نہج البلاغہ میں مولائے متقیان کے توحیدی معارف کی جانب توجہ دلائی جس پر پروفیسر صاحب نے اظہار تشکر کیا، پروفیسر سیزبیولس نے مستقبل قریب میں دوبارہ پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ملاقات کے آخر میں انگریزی زبان میں ترجمہ شدہ شیخ الجامعہ کا مقدمہ تفسیر الکوثر، صحیفہ سجادیہ اور دیگر کتابیں پیش کی گئیں۔